Islami Behnain Sar Ka Masah Kaise Karen ? اسلامی بہنیں سرکا مسح کیسے کریں؟

     مرد وعورت دونوں کےلئے وضو میں چوتھائی سر کا مسح کرنا فرض اور پورے سرکا مسح کرنا سنّت ہے،اگر کسی نے پورے سر کا مسح نہ کیا بلکہ اس سے کم کیا تو وضو ہو جائے گا لیکن بِلا عُذراسکی عادت بنا لینے سے وہ گنہگار ہو گا،کیونکہ پورے سر کا  مسح کرنا سنت ِمُؤکدہ ہے اور کتبِ فقہ میں پورے سر کا مسح کرنے کے دو طریقے منقول ہیں:(1)دونوں ہاتھوں کے انگوٹھے اور کلمے کی انگلیاں چھوڑ کر بقیہ تین تین انگلیوں کے سِرے ملا کر پیشانی پر رکھے،پھر انکو گُدّی کی طرف اس طرح کھینچ کر لائے کہ ہتھیلیاں سر سے جدا رہیں، پھر فقط ہتھیلیوں سے سَر کی دونوں جانبوں کا مسح کرتا ہوا پیشانی تک لے آئے (2)انگوٹھے اورکلمےکی انگلیوں کےعلاوہ دونوں ہاتھوں کی تین تین انگلیاں اور ہتھیلیاں ،پیشانی سے گدی کی طرف اس طرح کھینچ کر لائے کہ پورے سر کا مسح ہو جائے۔ پھر بیان کردہ دونوں طریقوں میں انگوٹھوں کے ساتھ کانوں کے بیرونی حصے، اور کلمے کی انگلیوں سے اندرونی حصے کا مسح کرے۔

     لہٰذا اگر عورت سَر کے مسح میں دوسرے طریقے کو اپنائے تو مشکل سے بچنے کے ساتھ ساتھ پورے سر کا مسح کرنے والی سنت پر بھی عمل ہو جائے گا