کیا عورت محرم کے بغیر اسٹڈی ٹور پر جا سکتی ہے؟

دریافت کردہ صورت میں آپ کا دیگر اسٹوڈنٹس اور یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ اسٹڈی ٹور (Study Tour) پر جانا، جائز نہیں۔ کیونکہ اسٹڈی ٹور پر جانے کے لئے آپ کو حید ر آباد سے کراچی تک کا شرعی سفر کرنا پڑے گا، حالانکہ عورت کا شوہر یا مَحْرَم کے بغیر تین دن یعنی 92 کلو میٹر کی راہ کاسفر ناجائز و حرام و گناہ ہے۔ نیز ہماری پیاری شریعت میں تو عورت کو شوہر یا محرم کے بغیر حج یا عمرے جیسے مقدس سفر پر جانے کی اجازت نہیں، تو اسٹڈی ٹور پر جانے کی اجازت کیسے ہو گی؟

نیز اس طرح کے اسٹڈی ٹور میں عموماً مزید قباحتیں بھی پائی جاتی ہیں، مثلاً نوجوان مردو عورت اکٹھے جاتے ہیں، تو راستے میں یا وہاں پہنچ کر لڑکے لڑکیاں آپس میں ہنسی مذاق کرتے ہیں اور اکٹھے تصاویر وغیرہ بناتے ہیں، حالانکہ اجنبی مرد و عورت کا آپس میں ہنسی مذاق کرنا، بے تکلفی کے ساتھ میل جول رکھنا، نا محرم مر د و عورت کا بے پردگی کی حالت میں ایک دوسرے کے سامنے آنا اور ایک دوسرے کی تصاویر بنانا، سخت ناجائز و گناہ اور حرام ہے کہ ہر مسلمان جانتا ہے کہ اسلام شرم و حیا کا درس دیتا ہے، رسولِ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ و سلَّم نے ارشاد فرمایا: “الحیاء من الایمان” یعنی حیا ایمان سے ہے۔(ترمذی، 3 / 406، حدیث: 2016)

وَ اللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَ جَلَّ وَ رَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَ سَلَّم