ملعون وسیم رضوی سوالات کے گھیرے میں

ملعون وسیم رضوی سوالات کے گھیرے میں
ملعون وسیم رضوی اپنی کتاب کے صفحہ 1 پر لکھتا ہے۔
’’چھوٹے مسلمان بچوں کو مدرسوں کی تعلیم سے دور کرنا ہوگا۔ قرآن میں دی گئی تعلیم کی وجہ سے مسلمان اپنی کامیابی دہشت گردی کے ہتھیار سے موازنہ کرتا ہے‘‘
میں ملعون وسیم رضوی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ امرتسر پنچاب جلیان والا باغ میں ۱۳؍ اپریل ۱۹۱۹ء؁ میں ہزاروں بے قصور ہندوستانیوں کا قتل عام ہوا ان قاتلوں نے کس مدرسہ میں تعلیم حاصل کی تھی؟ ان کو قرآن کی کونسی تعلیم دی گئی تھی؟
۳۰ ؍جنوری ۱۹۴۸ء؁ کو موہن داس کرم چند گاندھی (گاندھی جی) کو دن دہاڑے نتھورام گوڈسے نے گولی سے چھلنی کرکے قتل کر دیا نتھورام گوڈسے نے کس مدرسہ میں تعلیم حاصل کی؟ اس نے کس قرآن پر عمل کیا تھا؟
۳۱؍ اکتوبر ۱۹۸۴ء؁ کو ہندوستان کی وزیر اعظم اندرا گاندھی پر گولیوں کی برسات کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا اس قاتل نے کس مدرسہ میں تعلیم حاصل کی تھی؟ کس قرآن پر عمل کیا تھا؟
سونیا گاندھی کے شوہر سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو ۲۱؍ مئی ۱۹۹۱ء؁ کو بم سے اُڑا دیا گیا ان کے قاتل نے کس مدرسہ میں تعلیم حاصل کی تھی اور قرآن کس سے پڑھا تھا؟
نازی حکومت کی حمایت میں ہٹلر نے تقریباً ساٹھ لاکھ یہودیوں کو ہولوکاسٹ کے ذریعے موت کی نیند سلا دیا۔ یہ قتل عام کرنے والوں نے کس مدرسہ میں تعلیم حاصل کی تھی؟ قرآن کی کس تعلیم سے متاثر تھے؟ کیا ملعون وسیم رضوی کے پاس اس کا کوئی جواب ہے؟ اگر ذراسی عقل ہوتی تو اس طرح کی باتیں نہیں کرتا۔ مختصراً یہ چند مثالیں دی گئیں ورنہ سیکڑوں صفحات اس پر قلم بند کئے جاسکتے ہیں۔
ملعون وسیم رضوی اپنی کتاب کے صفحہ ۵؍ پر لکھتا ہے
’’زیادہ بیویاں ہونے کی وجہ سے انہیں کوئی دوسرا حاصل نہ کرے اس لئے انہوں نے اسلام میں اللہ کی جانب سے پردہ یعنی برقع کا رواج شروع کر دیا‘‘
اس جاہل کو اتنا پتہ ہونا چاہئے تھا کہ اللہ کے رسول ﷺ نے نہ صرف اپنی بیویوں کے لئے پردہ لازم قرار دیا بلکہ قیامت تک کی مسلم عورتوں کو پردہ کا حکم دیا۔ جاہل ملعون وسیم رضوی کو معلوم نہیں کہ پردہ کا حکم کن کے لئے ہے؟ ملعون وسیم رضوی اپنی کتاب کے صفحہ ۶؍ پر لکھتا ہے کہ
’’تاریخ نویسوں کے مطابق صرف ہندوستان میں ہی اسلام کی تلوار سے آٹھ کروڑ ہندئووں کو موت کے گھاٹ اُتارا گیا۔‘‘
ملعون وسیم رضوی جیسا دروغ گو کون ہوسکتا ہے۔ اس نے چھوٹی چھوٹی بات کے لئے جو اسلام، قرآن اور حضور ﷺ کے تعلق سے تھی حوالے تو دیئے لیکن اتنی بڑی بات کہہ رہا ہے کہ آٹھ کروڑ ہندوئوں کو قتل کیا گیا، اس کے حوالے میں نہ ہی مورخ کا نام لکھ رہا ہے اور نہ ہی کتاب کا حوالہ دے رہا ہے۔ یہ جو قتل کی بات کر رہا ہے تو کیا وہ بتا سکتا ہے کہ اس وقت ہندوستان کی آبادی کتنی تھی؟ حملہ آور کتنے کروڑ کی فوج لے کر حملہ آور ہوئے تھے کہ آٹھ کروڑ ہندئوں کو مار ڈالا۔ جب کہ انگریز حکمران کے دور ۱۸۷۲ء؁ میں ہندوستان کی آبادی صرف بیس کروڑ اکسٹھ لاکھ تھی تو اس سے پہلے اور کم رہی ہوگی۔ ملعون وسیم رضوی کا مذکورہ بالا جملہ صرف ہندو بھائیوں کے جذبات کو مجروح کرنے اور ان کو مشتعل کرنے کے لئے ہے۔ ملعون وسیم رضوی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوگا ان شاء اللہ۔