زناکاری
وَلَا تَقْرَبُواْ الزِّنَا اِنَّہٗ کَانَ فَاحِشَۃً وَّسَائَ سَبِیْلَا (۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔)
ترجمہ: زنا کے قریب نہ جاؤ کہ وہ بے حیائی اور بری راہ ہے۔
برادران اسلام زناکاری بہت بری چیز ہے اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآن مقدس میں ارشاد فرمایا ہے کہ عورت زائنہ اور مرد زانی ان میں سے ہر ایک کو سو کوڑے مارو اپنی بیوی کے علاوہ کسی بھی عورت سے آگے کے مقام سے صحبت کرنے کا نام زنا ہے اور یہ بہت ہی گھناؤ نا فعل ہے زانی ہر ایک کی نگاہ سے گر جاتا ہے سبھی اس کو حقارت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا زنا کرنے والا جس وقت زنا کرتا ہے مومن نہیں رہتا دوسری جگہ سرور کائنات ﷺ ارشاد فرماتے ہیں جب مرد زنا کرتا ہے تو اس سے ایمان نکل کر اس کے سر پر سائبان کی طرف ہو جاتا ہے جب اس فعل سے جدا ہوتا ہے تو ایمان اس کی طرف لوٹ آتا ہے۔ سیدنا حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ خاتم المرسلین ﷺ نے ارشاد فرمایا تین شخص اللہ تعالیٰ کلام نہ فرمائے گا اور نہ انہیں پاک کرے گا اور نہ ان کی طرف نظر رحمت فرمائے گا ان کے لیے دردناک عذاب ہوگا ایک زنا کرنے والا بوڑھ دوسرا جھوٹ بولنے والا بادشاہ تیسرا تکبر کرنے والا فقیر۔ حضرت بریدہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ ساتویں آسمان اور ساتویں زمین بوڑھے زانی پر لعنت کرتی ہے اور زانیوں کی شرمگاہ کی بدبو سے جہنم والوں کو تکلیف ہوگی۔
سیدنا حضرت ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے سرور کائنات ﷺ سے پوچھا کون سا گناہ سب سے بڑا ہے تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ارشاد فرمایا اللہ تبارک و تعالیٰ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا حالانکہ تجھے اس نے پیدا کیا میں نے عرض کیا بیشک یہ بہت بڑا گناہ ہے پھر اس کے بعد کونسا گناہ، تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ارشاد فرمایا کہ تو اپنی اولاد کو اس لیے قتل کر دے کہ وہ تیرے ساتھ کھائے گی میں نے پھر پوچھا اس کے بعد کونسا گناہ ہے تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ارشاد فرمایا اپنے پڑوسی کی عورت سے زنا کرنا۔
پیارے دینی بھائیو! زنا بہت بڑی چیز ہے اپنے آپ کو زنا سے بچانا بہت ضروری ہے ورنہ عذاب الٰہی میں گرفتار ہو جائیںگے۔