حلیہ مبارک
آپ کا چہرۂ مبارک، جمال الٰہی کا آئینہ، انوار الٰہی کا مظہر، پُر گوشت اور قدرِ گول تھا ۔آپ کی مبارک آنکھیں ،قدرت الٰہی سے سر مگیں ، پلکیں گھنی اور دراز، پتلی کی سیاہی خوب سیاہ، آنکھ کی سفیدی خوب سفید تھی۔ جس میں باریک باریک سرخ ڈورے تھے۔
آپ کا مبارک قد ،نہ بہت زیادہ لمبا تھا نہ پستہ، بلکہ درمیانی تھا۔ آپ کے موئے مبارک نہ گھونگر دار تھے نہ بالکل سیدھے۔دونوں کیفیتوں کے درمیان تھے۔ آپ کے سرِ مبارک کہ مقدس بال کبھی کانوں کی لو تک ہوتے، کبھی شانوں تک لٹکتے۔بیچ سر میں مانگ نکالتے۔ آخری عمر تک بال کالے رہے۔ وصال کے وقت سراور داڑھی کے ۲۰؍ بال سفید تھے۔ آپ کے دونوں شانوں کے درمیان مہر نبوت تھی۔ جو کبوتر کے انڈے کی مقدار میں ابھرا ہوا نورانی غدود تھا۔
آپ کی مبارک ناک، خوبصورت اور دراز تھی ۔جس پر ایک نور چمکتا تھا۔ آپ کی مبارک پیشانی ،کشادہ اور چوڑی تھی۔ اس میں قدرتی ایک نورانی چمک تھی۔ آپ کی نورانی گردن نہایت ہی معتدل صراحی دار سڈول تھی ۔اور چاندی کی طرح صاف شفاف تھی۔ آپ کی مقدس ہتھیلیاں چوڑی پُر گوشت اور ریشم کی طرح نرم و نازک تھیں۔
آپ کا شکم و سینہ دو ہموار اور برابر تھے۔ آپ کا سینہ چوڑا تھا سینہ کے اوپر کے حصے سے ناف تک مقدس بالوں کی پتلی سی لکیر تھی۔ سینہ اور شکم بالوں سے خالی تھا۔ کلائیوں پر قدرے بال تھے۔