چچا اور پھوپیاں
آپ کے دادا عبدالمطلب کے ۱۲؍ بیٹے تھے حضرت عبداللہ آپ کے والد ہیں ۔گیارہ چچا یہ ہیں۔
حضرت عباس، حضرت حمزہ، ابوطالب، زبیرحارث، ابولہب، غیداق، مقوم ضرار، قثم ،عبدالکعبہ۔
ان میں زبیر، ابوطالب، عبدالکعبہ سگے چچا ہیں ۔باقی ماں کی جانب سے سوتیلے ہیں ۔ان میں سے صرف حضرت امیر حمزہ اور حضرت عباس نے اسلام قبول کیا تھا۔ حضرت حمزہ بہت ہی طاقتور اور بہادر تھے ۳ھ میں جنگ احد میں شہید ہوکر سید الشہدا۔ کا لقب پائے۔
آپ نے حضرت عباس کے لئے اچھی اچھی دعائیں فرمائیں۔ ان کی فضیلت میں کافی احادیث موجود ہیں۔ آپ سے دو سال بڑے تھے، ۳۳ھ میں ۸۸؍ سال کی عمر میں وفات پائی اور جنت البقیع میں مدفون ہوئے۔
آپ کی چھ ،پھوپھیاں تھیں۔ جن کے نام یہ ہیں۔ حضرت صفیہ، عاتکہ، امیمہ، ام حکیم، برہ، اروی۔ ان میں سے صرف حضرت صفیہ نے اسلام قبول کیا یہ حضرت امیر حمزہ کی حقیقی بہن ہیں۔ ان کا نکاح پہلے حارث بن حرب سے ہوا تھا اس کے انتقال کے بعد دوسرا نکاح عوام بن خویلد سے ہوا ۔جو حضرت خدیجہ کے سگے بھائی تھے۔ ان سے حضرت زبیر پیدا ہوئے۔ جو عشرہ مبشرہ سے ہیں۔ حضرت صفیہ نے جنگ خندق کے موقع پر ایک یہودی کو قتل بھی کیا تھا۔
۲۰ ھ میں ۷۳؍ سال کی عمر میں مدینہ منورہ میں وفات پا کر جنت البقیع میں مدفون ہوئیں۔