قرآن کا چیلنج

قرآن کا چیلنج
بات اسی پر ختم نہیں ہو جاتی ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں ، بات اسی پر ختم نہیں ہو جاتی ہے کہ اس میں شک و شبہ کی کوئی گنجائش نہیں بلکہ قرآن دنیا والوں کو کھلا چیلنج دیتا ہے {وَاِنْ کُنْتُمْ فِی رَیْب مِمّا نَزَّلنَا علیٰ عبدِنَا فاتوا بسوْرۃِ مِن مّثلہٖ وَادْعُوا شھَدائَ کُمْ مِنْ دونِ اللّٰہِ اِنْ کُنْتُمْ صٰدِقِیْن} ۔’’ اگر تم شک کرتے ہو اس کلام کے بارے میں جو ہم نے اپنے پیارے حبیب پر اُتارا تو اس کے مثل ایک سورت بناکر پیش کرو اور اپنی مدد کے لئے اللہ کے علاوہ تمام دوست واحباب کوبلالو اگر تم  سچے ہو ‘‘۔
قرآن کا چیلنج بھی موجود ہے کوئی انسان آج تک قرآن کا چیلنج قبول نہیں کرسکا ۔ شک کرنے والے کرتے رہے لیکن اپنے دعوے کے لئے دلیل نہ لا سکے ۔ اللہ تبارک تعالی کا فرمان عالی شان ہے اگر تم شک کرتے ہو تو قرآنی سورت کی طرح ایک سورت بنا کر پیش کرو ۔ قرآن میں ایک سوچو دہ سورہ ہے تم صرف ایک سورہ بناکر لاؤ پورا قرآن نہیں صرف ایک سورہ بنا کر لاؤ ایک منزل نہیں صرف ایک سورہ بنا کر لاؤ ۔ ایک پارہ نہیں صرف ایک سورہ بنا کر لاؤ۔ ایک رکوع نہیں صرف ایک سورہ بنا کر لاؤ ۔ سورہ بقرہ نہیں کوئی چھوٹی سی سورت بنا کر لاؤ ، سورہ ال عمران نہیں چھوٹی سی سورت سورہ الکوثر کی طرح بنا کر لاؤ ۔ سورہ رحمٰن نہیں سورہ قل ھو اللہ کی طرح چھوٹی سورۃ بناکر لاؤ۔ اگر اکیلا نہ بنا سکو تو مدد کے لئے دوست و احباب کو بلاؤ ، اگر اکیلا نہ بنا سکو تو مدد کے لئے مد بّر مفکر کو بلاؤ ،  اگر اکیلا نہ بنا سکو تو کسی زبان داں کو بلاؤ ،  اگر اکیلا نہ بنا سکو تو مدد کے لئے کسی ڈگری یافتہ کو بلاؤ،  اگر اکیلا نہ بنا سکو تو کسی سائنس داں کو بلالو ،  اگر اکیلا نہ بنا سکو تو خدا کو چھوڑ کر ساری مخلوق کو مدد کے لئے بلا لو مگر خدا کی قسم تاریخ گواہ ہے آج چودہ سو سال گذر جانے کے بعدبھی کوئی قرآن کا مطالبہ پورا نہ کرسکا ۔
اللہ تبارک و تعالیٰ عالم الغیب ہے وہ جانتا تھا کہ کوئی بھی قرآن کا مطالبہ پورا نہیں کرسکتا اس لئے چیلنج دینے کے بعد اس کا نتیجہ بتا دیا ۔{فان لم تفعلواولن تفعلوا } اگر تم بنا کر نہ لائے اور ہر گز نہیں لاسکتے تو اس کا انجام کیا ہوگا وہ بھی بیان فرمارہا ہے ، {فا تقوا النار التی و قودھا الناس والحجارہ} اس آگ سے ڈرو جس کا ایندھن لوگ اور پتھر ہیں آخر میں رب تبارک تعالیٰ نے بھی فرمادیا کہ قرآن میں شک کرنے والا کافر اور مشرک ہی ہوگا ۔ اگر کوئی مسلمان قرآن میں شک کرے گا تو وہ کافر ہو جائے گا {َاعدّتْ لِکٰفرین} دردناک عذاب کافروں کے لئے تیار کیا گیا ۔