قرآن مٹ نہیں سکتا
بردران اسلام ! آپ تاریخ کا مطالعہ کیجئے تو معلوم ہوگا ابتدائے اسلام سے آج تک قرآن کو مٹانے کی ناپاک سازشیں کی جارہی ہیں ، قرآن کو بدلنے کی کوششیں کی جارہی ہے ، پورے قرآن کو تو بدلنا دور کی بات پوری ایڑی چوٹی کا زور صرف کرنے کے باوجود قرآن کا ایک زبر بدل نہ سکا کیوں کہ مسلمان جان کی قربانی برداشت کرسکتا ہے ، مال کی قربانی برداشت کرسکتا ہے ، عزت وآبرو کی قربانی برداشت کر سکتا ہے ، اولاد کی قربانی برداشت کر سکتا ہے ، لیکن قرآن کا ایک زبر بدل جائے یہ برداشت نہیں کرسکتا ، دنیا کی ساری کتابیں مٹ سکتی ہیں، دنیا کے سارے تصانیف مٹ سکتے ہیں، دنیا میں سب مذہب کی کتابیں مٹ سکتی ہیں ۔ دنیا کی ہر چیز مٹ سکتی ہے لیکن قرآن مٹا یا نہیں جاسکتا اس لئے کہ قرآن صرف صفحہ کاغذ پر محدود نہیں ہے ، قرآن صرف چھپنے چھپانے پر محدود نہیں ہے ، قرآن صرف تختی پر لکھنے لکھانے پر محدود نہیں ہے ، بلکہ قرآن ہزاروں نہیں لاکھوں نہیں کروڑوں انسان کے سینے میںالحمد کے الف سے لیکر والناس کے سین تک محفوظ ہے ۔ کاغذ کو مٹا یا جا سکتا ہے کا غذ پر پا بندی لگا ئی جاسکتی ہے ۔، پریس کو مٹا یا جاسکتا ہے ، جلایا جاسکتا ہے ، پریس پر پابندی لگائی جا سکتی ہے ، تختی کو مٹا یا جاسکتا ہے ، تختی پر پابندی لگائی جا سکتی ہے لیکن جو قرآن انسان کے سینے میں ہے نہ اسے مٹایا جاسکتا ہے نہ اس پر پابندی لگائی جاسکتی ہے نہ اس میں تغیر و تبدیل ہو سکتا ہے ۔ دنیا میں کسی مذہب کی کوئی ایسی کتاب نہیں ہے جس کے ایک ایک حرکات و سکنات کو سینے میں محفوظ کرلیاگیا ہو صرف اور صرف قرآن ہی ایک ایسی کتاب ہے جس کی ایک ایک حرکت سینے میں محفوظ ہے ۔ ایک ایک حرف سینے میں محفوظ ہے ۔ جس کو پڑھنے کا قاعدہ بھی محفوظ ہے طرز تلاوت بھی محفوظ ہے۔
Post Views: 42