سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ کیا صارم نام رکھنا جائز ہے؟
جواب
صارم کے معنی ”تیز دھار والی تلوار، بہادر، جری“ کے ہیں، معنیٰ کے اعتبار سے یہ نام رکھنا جائز ہے اور یہ حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ کے لقب سیف اللہ (اللہ کی تلوار) میں موجود ’’سیف‘‘ ہی کے معنیٰ میں ہے اور شجاع کے معنی کے اعتبار سے بھی بہت سے صحابہ کرام علیھم الرضوان بلکہ نبی کریم ﷺ کے وصف شجاعت کے معنی کا حامل ہے۔
علامہ ابو الفضل محمد بن مکرم ابن منظور (سال وفات: 711ھ) لکھتے ہیں: ”الصارم: السيف القاطع … رجل صارم جلد ماض شجاع“ ترجمہ: صارم: کاٹنے والی تلوار، صارم مرد: با ہمت، جری، بہادر۔ (لسان العرب، حرف الميم، فصل الصاد المهملة، جلد 12، صفحہ 335، دار صادر، بيروت)
مختصر اردو لغت میں ہے: ”صارم: کاٹنے والی تلوار، تیز دھار والی تلوار، بہادر، جری۔“ (مختصر اردو لغت، جلد 2، صفحہ 130، اردو لغت بورڈ، کراچی)