سجدہ تلاوت کرنے کا طریقہ/sajdaye Tilawat Ka tariqa

سجدہ تلاوت کرنے کا طریقہ


سوال

جب تلاوت کرتے وقت آیتِ سجدہ آتی ہے تو وہ سجدہ ادا کرنے کا طریقہ کیا ہے

جواب

نماز سے باہر تلاوت کرتے ہوئے آیتِ سجدہ تلاوت کی تو سجدہ  تلاوت  کا طریقہ یہ ہے کہ دل میں سجدہ تلاوت کی نیت کرے  کہ میں اللّٰہ تعالی کے واسطہ سجدہِ تلاوت کرتا ہوں اور کھڑا ہوکر ہاتھ اٹھائے بغیر   ’’الله أکبر‘‘    کہتا ہوا سجدہ میں جائے اور کم سے کم تین مرتبہ ’’سبحان ربي الأعلی‘‘  کہے پھر ’’الله أکبر‘‘  کہتا ہوا سجدے سے سر اٹھائے اور کھڑا ہوجائے، سجدہِ تلاوت میں تشہد اور سلام نہیں ہے.

 اگر بیٹھ کر ’’الله أکبر‘‘ کہتا ہوا سجدہ میں چلا جائے اور سجدہ کے بعد ’’الله أکبر‘‘ کہتا ہوا اٹھ کر بیٹھ جائے کھڑا نہ ہو  تب بھی درست ہے.  لیکن کھڑے ہو کر سجدہ میں جانا اور پھر کھڑا ہو جانا افضل ہے۔

اگر تین مکروہ اوقات (سورج کے طلوع، غروب اور استواء کے وقت) میں آیتِ سجدہ پڑھی ہو تو بہتر یہ ہے کہ اس وقت سجدہ تلاوت نہ کرے، البتہ اگر اسی وقت آیتِ سجدہ پڑھ کر اسی وقت فوراً سجدہ کرلیا تو کراہتِ تنزیہی کے ساتھ سجدہ ادا ہوجائے گا۔ اس کے علاوہ اوقات میں سجدہ تلاوت بلاکراہت ادا کرنا جائزہے۔

اگر نماز میں آیتِ  تلاوت کے بعد  فی الفور سجدہِ تلاوت کرے تو نیت ضروری نہیں ہے۔