پیغمبر اسلام غیر مسلموں کی نظر میں

پیغمبر اسلام غیر مسلموں کی نظر میں
نبی اکرم ﷺ کی سیرت کو جہاں تک چُھپانے کی بات ہے تو میں چیلنج کے ساتھ کہوں گا کہ جتنی کتابیں جتنی زبانوں میں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی سیرت و کردار پر چَھپی ہیں دنیا کے کسی بھی مذہبی رہنما کی سیرت و کردار پر نہیں چھپیں۔ اب میں تفصیل کے ساتھ بتاتا ہوں کہ ہندوستان اور یورپ کے غیر مسلم مؤرخوں نے کثرت کے ساتھ آپ کی سیرت پر کتابیں لکھ کر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی مضامین ڈاٹ کام کے تحت جولائی ۲۰۱۶؁ کی اشاعت میں ’’پیغمبر اسلام ہندوستانی غیر مسلم کی نظر میں‘‘ کے عنوان کے تحت کئی غیر مسلم دانشوروں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھتے ہیں کہ
پروفیسر راما کرشنا رائو مراٹھی آرٹس کالج برائے خواتین میسور کے شعبہ فلسفہ میں صدر تھے انہوں نے ایک کتاب Mohammed The Prophet of Islam کے نام سے لکھی، انہوں نے نبی کریم ﷺ کی تعلیمات میں جمہوریت اور مساوات کو خوب سراہا، ان کے مطابق ان کی تعلیمات کے نتیجے میں بین الاقوامی اتحاد اور بھائی چارہ کے اصولوں کو آفاقی بنیادیں فراہم ہوئیں، حضور اپنے معاصرین کی نگاہ میں کھرے اور اعلی کردار کے مالک تھے اسی وجہ سے یہودی بھی آپ کی صداقت کے قائل تھے