وسیم رضوی کی بکواس
ملعون وسیم رضوی اپنی کتاب کے صفحہ ۵۸؍ پر لکھتا ہے کہ
’’جویریہ ایک خوبصورت عورت تھی، محمد کے آدمیوں نے اس کے شوہر کو قتل کر دیا۔ اس کے بعد جویریہ کو جنسی تعلقات کے لئے باندی بنا کرلے آیا گیا اور اسے مسلمان بننے پر مجبور کیا گیا۔‘‘
قارئین! یہ ملعون وسیم رضوی کی بکواس ہے۔ حقیقت کو جاننے کے لئے سیرت ابن ہشام سے من وعن واقعہ تحریر کر رہا ہوں۔
سیرت ابن ہشام جلد دوم صفحہ ۳۵۱، پر ہے کہ
’’ ابن ہشام نے کہا جب آپ غزوہ مصطلق سے واپس آرہے تھے اور ساتھ جویریہ بنت حارث بھی تھیں اور آپ لشکر کے انتظام میں مصروف تھے تو آپ نے جویریہ کو ایک انصاری کے پاس بطور ودیعت رکھ دیا اور انہیں حفاظت سے رکھنے کا حکم دیا اور آپ مدینہ آگئے اب حارث بن ابوضرار اپنی بیٹی کا فدیہ لے کر آیا۔ یہ جب عقیق پہنچا تو اس نے اپنے ان اونٹوں پر نظر ڈالی جو فدیہ کے لئے لایا تھا۔ ان میں سے دو انٹوں پر اسے لالچ آئی اس نے انہیں عقیق کی ایک گھاٹی میں چھپا دیا۔ پھر رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہا اے محمد! تم میری بیٹی کو لے آئے ہو، یہ اس کا فدیہ ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اور وہ دو اونٹ کہاں ہیں جنہیں تم نے عقیق کی فلاں گھاٹی میں چھپا دیا ہے۔ حارث یہ سنتے ہی بولا۔
اشھد ان لا الہ الا اللہ و انک محمد رسول اللہ فواللہ ما اطلع علی ذالک الا اللہ
میں اس بات کی گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور یہ کہ آپ محمد اللہ کے رسول ہیں۔ خدا کی قسم! اس معاملے میں اللہ کے سوا کوئی اور نہیں جانتا تھا۔ پس حارث اس کے دو بیٹوں اور اس کی قوم کے کچھ لوگوں نے اسلام قبول کر لیا اور وہ دونوں اونٹ آدمی بھیج کر منگوائے گئے اور ان کی بیٹی جویریہ واپس کردی گئیں۔ یہ بھی اسلام لے آئیں۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے ان کے والد کو پیام نکاح دیا۔ انہوں نے جویریہ کا نکاح کر دیا اور چار سو درہم مہر مقرر ہوگیا۔‘‘
سیرت ابن ہشام میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے حوالے سے ابن ہشام لکھتے ہیں کہ
’’حضور اقدس ﷺ کے جویریہ کو اپنی زوجیت میں لینے سے لوگوں نے بنو مصطلق کے سو قیدیوں کو آزاد کر دیا جو بنو مصطلق کے خاندان سے تھے۔ میری نظر میں ایسی کوئی عورت نہیں جو اپنی قوم کے لئے اتنی باعث برکت ثابت ہوئی ہو یعنی جس کی وجہ سے سو قیدی آزاد ہوگئےہوں۔‘‘
اب انصاف پسند فیصلہ کریں کہ ملعون وسیم رضوی جھوٹا ہے یا نہیں؟ کیا جویریہ جبراً مسلمان بنائی گئیں؟ کیا جویریہ کو باندی بنا کر جنسی تعلق قائم کیا گیا؟ یہ سب باتیں ملعون وسیم رضوی کی گڑھی ہوئی ہیں۔