ممبرا میں جلوس عید میلادالبنی کے تعلق سے علما اور دانشوروں کی ایک اہم مٹینگ
حضور کی ذات گرامی کوپوری انسانیت کے لیے ہادی و رہبر ہے ۔(مولانا سید معین میاں )
ہمیں اپنے کردار سے یہ بتانا چاہیے کہ مسلمان اپنے نبی سے محبت کرنے والااور امن پسندہے۔ (الحاج محمد سعید نوری)
(اسٹاف رپورٹر )ممبرا میں جلوس عید میلادالبنی کے تعلق سے علما اور دانشوروں کی ایک اہم مٹینگ ہوئی جس کی جس کی صدارت پیر طریقت رہبر شریعت قائد اہل سنت،حضرت علامہ مولانا الحاج الشاہ سید معین الدین اشرف اشرفی جیلانی صاحب سجادہ خانقاہ عالیہ کچھوچھہ مقدسہ و صدر آل انڈیا سنی جمعیۃ العلما نے فرمائی ، نشست کی سر پرستی اسیر مفتی اعظم ہند بانی رضا اکیڈمی عالی جناب الحاج محمد سعید نوری صاحب نائب صدر آل انڈیا سنی جمعیۃ العلما فرمائی ۔
معین المشائخ نے فرمایا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت اور رحمۃ للعلمین بناکر بھیجے جانے پرخدا کا شکر ادا کیا جائے عوام کو مسائل شرعیہ سے آگاہ کیا جائے ان کو نیک اعمال کی ترغیب دی جائے محرمات سے بچنے کو کہا جائے ۔ حضرت عیسی علیہ السلام نے حضور کی پیدائش سے قبل آپ کے آنے کی بشارت دی اس سے حضور کی ذات گرامی کی قدرو منزلت کا پتہ چلتا ہے ۔ جلوس عید میلادالنبی عشقِ رسول اور اتباعِ سنت کا پیغام۔آپ کی محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور آپ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے زندگی گزارنے کا بہترین نمونہ ہے۔
جلوس عید میلادالنبی دراصل حضور سے محبت و عقیدت کے اظہار کا ایک ذریعہ ہے۔ آپ نے مزید کہا جب عاشقانِ رسول درود و سلام پڑھتے ہوئے، نعتیں پڑھتے اور سنتِ رسول کی یاد تازہ کرتے ہوئے راستوں پر نکلتے ہیں تو اس کا مقصد صرف خوشی کا اظہار نہیں ہونا چاہیے، بلکہ دنیا کے سامنے حضور کی تعلیمات، اخلاق اور کردار کا پیغام بھی پہنچانا چاہیے۔محبتِ رسول کا تقاضاحضور نبی کریم سے محبت صرف زبان سے دعویٰ کرنے کا نام نہیں، بلکہ آپ کی اطاعت اور اتباع کا نام بھی ہے۔ ہمیں دیکھنا چاہیے کہ ہماری زندگی میں نماز، سچائی، امانت، حسنِ اخلا، والدین کا احترام اور پڑوسیوں کے حقوق کہاں تک موجود ہیں۔ ہمیں اپنے عمل پر غور کرنا چاہیے۔دوران جلوس خرافات اور غیر شرعی امور سے بچنا بھی ہمارے لئے ضروری ہے ۔ ڈی جے بجانا ناچنا ، اسلام میں حرام ہے اس سے ضرور بچنا چاہئے ۔ بانی رضا اکیڈمی الحاج محمد سعید نوری نے کہا کہ ہمیں اپنے کردار سے یہ بتانا چاہیے کہ مسلمان اپنے نبی سے محبت کرنے والااور امن پسندہے۔
جلوس عید میلادالنبی کے ساتھ اخلاقِ نبی کو اپنی زندگی میں اختیار کرنا بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ شرکائےجلوس کوجلوس میں شرکت کرتے وقت ادب و احترام کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ صاف ستھرے لباس میں شرکت کی جائے، کثرت سے درود و سلام پڑھا جائے، نعتِ رسول پڑھی جائے اور کسی انسان کو تکلیف نہ پہنچائی جائے۔جلوس کے دوران شور شرابے، گالی گلوچ، ہلڑ بازی، بدتمیزی اور ایسی تمام حرکات سے بچنا چاہیے جو اسلام اور حضور کی تعلیمات کے خلاف ہوں۔ نماز کا وقت ہوجائے تو نماز کو ہرگز نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ راستے میں ٹریفک، دکانداروں، مسافروں اور عام لوگوں کے لیے پریشانی پیدا نہ کی جائے۔ کسی دوسرے مذہب کے ماننے والے کو تکلیف دینا یا کسی کے جذبات کو مجروح کرنا حضور کی تعلیمات کےخلاف ہے۔ہمیں اپنے کردار سے یہ بتانا چاہیے کہ مسلمان اپنے نبی سے محبت کرنے والا، امن پسند، بااخلاق، صابر اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھنے والا انسان ہے۔