زمین کی تمنّا
سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ و سلم ارشاد فرماتے ہیں کہ کوئی صبح و شام ایسی نہیں کہ زمین کا ایک ٹکڑا دوسرے کو نہ پکارتا ہو کہ کوئی آج نیک بندہ تم پر گذرا جس نے مجھ پر نماز پڑھی ہو یا ذکر الٰہی کیا ہو اگر ہاں کہے تو اس کے سبب اپنے اوپر بزرگی کا تصور کرتا ہے۔ایک دوسری جگہ سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ و سلم ارشاد فرماتے ہی کہ جس وقت بندہ نماز کے لئے کھڑا ہوتا ہے اس کے سارے گناہ باندھ کر اس کے سر پر رکھے جاتے ہیں ۔ جب یہ رکوع میں جاتا ہے تو سارے گناہ گر جاتے ہیں ۔ نمازی جب نماز سے فارغ ہوتا ہے تو سارے گناہوں سے پاک وصاف ہوجاتا ہے ۔ برادرانِ ملتِ اسلامیہ آج ہم اپنے معاشرہ کا جائزہ لیں ، اپنے گھر کا جائزہ لیں ، بے شمار لوگ نماز سے غفلت کررہے ہیں ۔ آج مسلمان اس بات کی طرف ذرا بھی توجہ نہیں دیتے کہ ہم کو نماز پڑھنا ہے جبکہ قرآن و حدیث میں نمازی کے لئے خوشخبری ہے اور بے نمازی کے لئے وعید یں آئی ہیں۔
نماز مومن کی پہچان ہے ، نماز مومن کی معراج ہے ، سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ و سلم ارشاد فرماتے ہیں { مَنْ تَرَکَ الصّلٰوۃ عَمَداً فَقَدَ کَفَرَ} ’’جس نے جان بو جھ کر نماز ترک کی اس نے کفر کیا ‘‘۔
برادران ملت اسلامیہ اس کے باوجود مسلمان نماز کی طرف توجہ نہیں دیتے ۔ آئیے ہم عہد کریں کہ آج سے نماز کے پابند ہو جائیں ، اپنے گھر والوں کو نماز کی تاکید کریں اپنے بچوں کو نماز کی تاکید کریں ۔ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا ہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ اپنے حبیب کے صدقے ہماری عبادتوں کو قبول فرمائے ۔ آمین۔
وَ مَاعَلَیْنَا اِلَّا البَلٰغ
Post Views: 30