دعائیہ کلمات
پیر طریقت، رہبر شریعت، قائد قوم و ملت،
خاندان اہل بیت کے چشم و چراغ، شہزادئہ حضور شہید راہ مدینہ،
حضرت علامہ مولانا الشاہ سید معین الدین اشرف اشرفی جیلانی
(سجادہ نشین آستانہ عالیہ کچھوچھہ مقدسہ و صدر آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء)
نحمدہ ونصلی و نسلم علی رسولہ الکریم!
محبتِ رسول مدار ایمان ہے، غلامانِ مصطفےٰ کے لئے ناموس رسالت کا تحفظ فرضِ عین ہے۔ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا علیہ الرحمۃ والرضوان فرماتے ہیں ؎
اے عشق ترے صدقے، جلنے سے چُھٹے سستے
جو آگ بجھا دے گی، وہ آگ لگائی ہے
یوں تو ۱۴؍ سو سال سے بعض دشمنانِ اسلام اور گستاخان رسول علیہ الصلوٰۃ والتسلیم آپ کی شان اقدس میں نازیبا کلمات کہتے اور لکھتے رہے ہیں لیکن دور حاضر میں بدنام زمانہ ملعون وسیم رضوی نے جس طرح سے آقائے دو جہاں ﷺ کی بابرکت ذات پر اور قرآن کریم و دینِ اسلام پر واہیات خرافات اور بکواس سے پر اعتراضات و الزامات اپنی کتاب ’’محمد‘‘ میں لگایا ہے، ماضی قریب اور بعید میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
الحمدللہ! ثم الحمدللہ!! اس کا مکمل اور دندان شکن جواب اس کتاب ’’عظیم محمد‘‘ میں دیا گیا ہے۔ جس پر تمام ہی عاشقانِ مصطفےٰ ﷺ قلبی مسرت محسوس کرتے ہیں کہ ’’عظیم محمد‘‘ نامی اس کتاب کے ذریعہ ملعون وسیم رضوی کے منہ پر زور دار طمانچہ رسید کیا گیا ہے۔
قائد قوم و ملت، بانی رضا اکیڈمی، ناموس رسالت بورڈ کے سکریٹری جناب الحاج محمد سعید نوری صاحب نے سنی مسجد بلال میں ایک نشست کے دوران آبدیدہ ہوکر فقیر سے کہا کہ ایسی زہریلی کتاب کا جواب دینا ہم غلامانِ مصطفےٰ پر فرض ہے۔ اس کے بعد ایک مکمل لائحہ عمل تیار کرکے جواب دینے کی جدوجہد شروع کی گئی۔ فقیر نے مولانا محمد ابراہیم آسیؔ (مہتمم جامعہ قادریہ اشرفیہ، ممبئی) سے جواب لکھنے کی فرمائش کی، آپ نے شب و روز محنت شاقہ سے اس کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔ اللہ عزوجل انہیں جزائے خیر عطا فرمائے۔ ناموس رسالت بورڈ کے سکریٹری الحاج محمد سعید نوری صاحب نے تحفظ ناموس رسالت بورڈ کے زیر اہتمام اس کتاب کی اشاعت فرمائی۔ اللہ رب العزت ان کی عمر دراز فرمائے اور ان سے مزید دینی کام لے۔ ان تمام غلامانِ مصطفےٰ کے لئے جنہوں نے اس کتاب کی تکمیل کے لئے جہدوجہد اور کوشش کی، فقیر دعاء گو ہے کہ رب تبارک و تعالیٰ اپنے حبیب علیہ الصلوٰۃ والسلام کے صدقے دارین کی سعادتوں سے انہیں مالا مال فرمائے۔ اٰمین بجاہ سید المرسلین صلے اللہ علیہ وسلم۔
دعا گو
فقیر سید معین الدین اشرف الاشرفی الجیلانی