تھومس کارلائل: Thomas Carlyle
تھومس کارلائل Thomas Carlyle اسکاٹ لینڈ میں 1795 میں پیدا ہوئے۔ برطانیہ کے شہرئہ آفاق ادیب اور فلسفی تھے۔ 1873 میں انہوں نے ’’انقلاب فرانس‘‘ پر ایک مبسوط کتاب لکھی۔ برطانیہ میں معاشی انقلاب کے قائد کرامویل Cromwell کے خطوط اور خطبات اور سوانح حیات لکھی۔ 1865 میں انہیں ایڈ نیرا یونیورسٹی کا اعزازی ڈائریکٹر منتخب کیا گیا۔ 1881 میں انہوں نے وفات پائی۔
تھومس کارلائل نے ایک مقالہ “The Hero As Prophet Mohammad & Islam” لکھا۔ اس میں وہ بیان کرتے ہیں کہ یورپ کے شمالی علاقوں سویڈن، ڈنمارک اور ناروے وغیرہ میں جب جہالت ناشائستگی، بت پرستی، لامذہبیت کا دور دورہ تھا اور انسان بے سمت اور بے لگام زندگی بسر کر رہے تھے، عرب ممالک میں اسی دور میں مذہب کی روشنی پھوٹ رہی تھی۔ اس سے میری مراد مسلمانوں کے پیغمبر کی بعثت سے ہے۔ یہ کوئی معمولی واقعہ نہ تھا بلکہ ایک نئے دور کا آغاز تھا جس نے بنی نوع انسان کے حالات و خیالات میں ایک عظیم انقلاب برپا کر دیا تھا۔
اس انقلاب کو برپا کرنے والی شخصیت حضرت محمد تھے جو ایک مذہبی ہیرو کی حیثیت سے ظہور پذیر ہوئے۔ ان کایہ دعویٰ نہ تھا کہ وہ خدا ہیں اور نہ ہی ان کے پیروکاروں نے انہیں خدائی کا درجہ دیا۔
میں نے اپنے مقالہ میں سر زمین عرب میں پیدا ہونے والی ایک عظیم شخصیت محمد کا انتخاب اس لئے نہیں کیا کہ آپ افضل ترین پیغمبر مانے جاتے ہیں بلکہ اس لئے کیا کہ ہم بطور غیر مسلم ان پر کھل کر اظہار خیال کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی اعلیٰ صفات کا اعتراف کر لینے سے یہ خطرہ نہیں ہے کہ ہم میں سے کوئی شخص دائرہ اسلام میں داخل ہوجائے گا۔ اس لئے میں آپ کی وہ تمام صفات بیان کر دینا چاہتا ہوں جو حق و انصاف کے تقاضوں کو ملحوظ رکھ کر بیان کی جاسکتی ہیں۔ آپ کو پورے شوق کے ساتھ سچا نبی ضرور سمجھتا ہوں۔ آپ کی کامیابی اور عظمت کا راز معلوم کرنے کے لئے ہمیں تعصبات سے پاک ہوکر کھلے ذہن کے ساتھ غور کرنا پڑے گا۔
حضرت محمد کی تعلیمات کیا تھیں اور انہوں نے اس دنیا کا کیا تصور پیش کیا تھا؟ ان کی تعلیمات کا صحیح جائزہ اس وقت لیا جاسکتا ہے جب ہم انہیں ایک سچا انسان گر دانتے ہوں۔
لیکن بد قسمتی سے ہمارے یہاں یہ نظریہ جڑ پکڑ چکا ہے کہ اسلام ایک سحر تھا اور اس کا پیغمبر فسوں گر تھا۔ ہمیں اس طرز فکر اور اس فرسودہ خیال سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ ہم لوگوں نے محمد کے بارے میں جو جھوٹ اور افترا پھیلا رکھا ہے وہ ہمارے لئے حد درجہ باعث شرم ہے۔ اس کی ایک مثال یہ ہے کہ انجیل کے عالم اور ممتاز مستشرق ایڈوارڈ ڈپوکاک نے جب مستشرق گروٹیئس Grotius سے پوچھا کہ آپ کے پاس اس الزام کا ثبوت کیا ہے کہ محمد نے ایک کبوتر پال رکھا ہے جو ان کے کان کے پاس مٹر کے دانے اُٹھا اُٹھاکر کھاتا رہتا تھا، اس کبوتر کو فرشتہ کہا جاتا تھا۔ گروٹیئس نے کہا کہ اس کا کوئی ثبوت ہمارے پاس نہیں ہے۔ وقت آگیا ہے کہ ہم اس قسم کے لغو بے سروپا الزامات سے پرہیز کریں۔
بارہ سو سال سے اٹھارہ کروڑ انسان اس دین کو اپنے سینے سے لگائے ہوئے ہیں، یہ اٹھارہ کروڑ نفوس بھی ہماری طرح اولاد آدم ہیں۔ فی زمانہ محمد کے ماننے والوں کی تعداد دنیا کے سب ادیان پر ایمان رکھنے والوں سے زیادہ ہے۔ ہم کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ انسانوں کی اتنی کثیر تعداد روحانی دیوالیہ پن کی شکار ہے۔ یہ کروڑوں بندگان خدا اس عظیم شخص کی زبان سے نکلے ہوئے الفاظ کی سچائی پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ یہ الفاظ صدیوں سے ان کے لئے شمع ہدایت کا کام دے رہے ہیں۔ ہم کیسے تسلیم کر سکتے ہیں کہ یہ سب عقائد اور افعال محض روحانی بازی گری تھی۔ میں کم از کم اپنی حد تک ایسے الزامات یا قیاس کو صحیح تسلیم کرنے کا تصور تک نہیں کر سکتا۔
(نوٹ: ایک مصدقہ ریکارڈ کے مطابق 1996 تک دنیابھر میں مسلمانوں کی تعداد ایک سو دس کروڑ تھی۔)