اسلام پر عورت کا الزام
اس ترقی یافتہ دور میں بعض تعلیم یافتہ عورتیں ڈگری یافتہ عورتیںاسلام پر یہ الزام لگاتی ہیں کہ اسلام عورتوں کو پردے میں رکھ کر مقید کرنا چاہتا ہے، اسلام عورتوں کو چہار دیواری میں بند کرکے اس کی آزادی چھینناچاہتا ہے،اسلام عورتوں کی آزادی پر پابندی لگانا چاہتا ہے ،اونچی سوسائٹی کی بعض عورتیں یہ الزام لگاتی ہیں کہ اسلام عورتوں کی ترقی کو پسند نہیں کرتا ۔ بعض عورتیں یہ الزام لگاتی ہیں کہ اسلام عورتوں کو چادر میں محصور کرنا چاہتا ہے جو کہ صحت کے لئے مضر ہے۔
میں ان تعلیم یافتہ عورتوں سے پو چھنا چاہتا ہوں ۔ میں ان ڈگری یافتہ عورتوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ تم الزام کس پر لگا رہی ہو، اسلام پہ نہیں بلکہ اپنے محسن پہ لگا رہی ہو۔ اسلام کا احسان عورتوں پر اتنا زیادہ ہے کہ قیامت تک اس کا بدلہ قلم و زبان سے ادا نہیں کر سکتیں ۔ میں پو چھنا چاہتا ہو ں ان گریجویٹ عورتوں سے اسوقت تمہاری آزادی کہاں گئی تھی جب تمہارے ساتھ جانور جیسا کیا جاتا تھا؟ میں پوچھنا چایتا ہوں ان اونچی سوسائٹی کی ترقی یافتہ عورتوں سے اس وقت کہاں گئی تھی تمہاری ترقی جب تم زندہ دفن کردی جاتی تھیں ، میں پوچھنا چاہتا ہو ں ان سند یافتہ عورتوں سے کہاں گئے تھے تمہارے حقوق جب تم کو نجاست کا مجسمہ سمجھ کر حالت حیض و نفاس میں تمہارے کھانے کا برتن تک الگ کر دیا جاتا تھا ۔ اگر بانی اسلام اس دنیا میں تشریف نہ لائے ہوتے تو لفظ عورت آج بھی گالی تصور کیا جاتا ۔ اگر تم اسلام پہ الزام لگا رہی ہو تو تم احسان فراموش ہو تم اپنے محسن پہ الزام لگارہی ہو ۔اگر تم اسی طرح سے اسلام پر الزام لگاتی رہو گی تو آنے والی نسل تمہیں احسان فراموش کے نام سے یاد کریگی۔
یہ آسیؔ ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہے اے گریجویٹ عورتوں ! تمہاری عزت و آبرو کی بقاء پردے کے پیچھے ہی ہے،تم اپنی ردائے عصمت کو پردہ میں رہ کر داغدار ہونے سے بچاسکتی ہو، تمہاری زندگی کا پیش قیمت خزانہ جو جان سے بھی پیاری ہے پردہ ہی میں رہ کر لٹیروں سے بچاسکتی ہو۔ اگر اسلام نے پردہ کا حکم دیا ہے تو تمہارے فائدے کے لئے اگر اسلام نے چار دیواری میں رہنے کاحکم دیا ہے تو تمہارے فائدے کے لئے ۔ اسلام جانتا ہے کہ عورت ایک نازک آئینہ ہے اسے پتھر سے بچانا ہوگا ۔اسلام جانتا ہے کہ عورت ایک بھڑکتی ہوئی آگ ہے اسے بارود سے بچانا ہوگا ، عورت ایک مہکتا ہوا گلاب ہے اسے بھونرے سے بچانا ہوگا ، اسلام جانتا ہے کہ عورت ایک سفید چادر ہے اسے داغ دھبہ سے بچانا ہوگا اس لئے اسلام نے پردے کا حکم دیا کہ عورت پردہ میں رہ کر محفوظ رہ سکتی ہے ۔
Post Views: 36